شمالی وزیرستان میں انتخابی مہم کے دوران محسن داوڑ کے قافلے پر حملہ

ویب ڈیسک  بدھ 3 جنوری 2024
فوٹو: ایکس

فوٹو: ایکس

شمالی وزیرستان میں نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور سابق رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محسن داوڑ کے قافلے پر فائرنگ شمالی وزیرستان کے علاقے تپی میں اس وقت کی گئی جب وہ اپنی انتخابی مہم میں مصروف تھے۔

پولیس کے مطابق محسن داوڑ کی گاڑی پر متعدد گولیاں لگیں لیکن گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔ انکے ساتھ سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور فرار ہوگئے۔

ڈی پی او روحان زیب نے بتایا کہ محسن داوڑ کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی ہے، وہ بالکل محفوظ ہیں جبکہ نامعلوم شدت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے۔

ہم نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے چیرمین محسن داوڑ پر شمالی وزیرستان کے علاقے تپی میں قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ شکر ہے کہ چیرمین محسن داوڑ اور ہمارے دیگر ساتھی حملے میں محفوظ رہے۔ ہم الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے اسے حملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

— National Democratic Movement (@NDM_Official) January 3, 2024

یاد رہے کہ چند روز قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قافلے پر بھی ڈی آئی خان میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جبکہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے مولانا اسعد محمود پر بھی حملے کا الرٹ کا جاری کیا گیا ہے۔

دریں اثنا نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے جنرل سیکریٹری مزمل شاہ روشان نے محسن داوڑ پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین محسن داوڑ اور ہمارے دیگر ساتھی حملے میں محفوظ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہم الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے اسے حملے کا فوری نوٹس لینے اور تحقیقات کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس طرح کے بزدلانہ حملے ہمارے اور ہمارے ساتھیوں کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔