الیکشن کمیشن کا 5 سالہ اسٹرٹیجک پلان تیار، اہم فیصلے کیے جائینگے

واجد حمید  ہفتہ 31 مئ 2014
الیکٹرونک ووٹنگ مشین،بائیو میٹرک سسٹم متعارف ،کمیشن کی خود مختاری طے کی جائیگی  فوٹو: فائل

الیکٹرونک ووٹنگ مشین،بائیو میٹرک سسٹم متعارف ،کمیشن کی خود مختاری طے کی جائیگی فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے5 سالہ اسٹرٹیجک پلان میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران جوڈیشل افسران کے بجائے متبادل انتظامات کیلیے منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا الیکشن کمیشن کا 2018 کے عام انتخابات کے لیے مرتب کردہ سٹرٹیجک پلان بارے آئندہ ہفتے الیکشن کمیشن میں میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن نے2014تا 2018کے پلان میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسرا ن کا ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران کے بجائے متبادل انتظامات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اسٹرٹیجک پلان میں جغرافیائی سسٹم کے تحت حلقہ بندیاں مکمل کرنے ،آئندہ عام انتخابات میں ہر قیمت پر الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور بائیو میٹرک سسٹم کا متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ عام انتخابات میں ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ بھی پلان کا حصہ ہے۔

اسٹرٹیجک پلان میں پریذائڈنگ افسران کی تربیت بھی شامل ہے جس میں مئی2013 کے انتخابات میں سامنے آنے والے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے پلان میں شامل کیا گیا ہے پریذائڈنگ افسران کی ملک بھر میں موثر تربیت کے انتظامات کا سلسلہ شروع کیا جائے گا جبکہ پلان میں یہ واضح کیا گیا ہے الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختاری کے ساتھ طے کرلیا جائے کے آئندہ عام انتخابات سے پہلے الیکشن کمیشن کومالی طور پر بھی خود مختار ادارہ بنایا جائے اور اس کیلیے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی اور اسکے بعدکسی قسم کی مداخلت کو ہمیشہ کیلیے بندکیا جائے گا ان اہداف کے ساتھ مقرر کردہ پلان تیار کیا گیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔