’فائٹر‘ کی کاسٹ ہریتھک روشن انیل کپور ودیگر کا ممبئی سینما میں ’سرپرائز وزٹ‘
میگا ایکشن تھرلر فلم کی کاسٹ میں کرن سنگھ گروور، اکشے اوبرائے اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں
بالی وڈ کے نامور ڈائریکٹر سدھارتھ آنند کی ایکشن فلم 'فائٹر' کی نمائش جاری ہے اور ممبئی کے سینما گھر میں فلم کی اسٹار کاسٹ نے سرپرائز وزٹ کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔
فلم کے ہیرو اداکار ہریتھک روشن نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ سینما ہال کے اندر موجود مداحوں کے اشاروں کا جواب دے رہے ہیں، ان کے ساتھ انیل کپور، سدھارتھ آنند اور دیگر موجود ہیں۔
اداکار نے ویڈیو کے ساتھ کیپشن لکھا کہ وہ اس طرح اکثر کرتے ہیں اور وہ مسکراتے چہروں کو دیکھ کر بہت خوش ہیں، انہوں نے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔
فلم میں ہریتھک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئے ہیں۔
میگا ایکشن تھرلر فلم کی دیگر کاسٹ میں کرن سنگھ گروور، اکشے اوبرائے اور دیگر نامور فنکار شامل ہیں۔