جنوبی کوریا نے نامناسب تبصرے پر روسی سفیر کو طلب کرلیا

جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کی وجہ امریکا اور اس کے اتحادی جنوبی کوریا اور جاپان کی ڈھٹائی ہے، روس


ویب ڈیسک February 04, 2024
جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کی وجہ امریکا اور اس کے اتحادی جنوبی کوریا اور جاپان کی ڈھٹائی ہے، روس (فوٹو: فائل)

روس کی جانب سے جزیرہ نما کوریا میں کشیدگی کا ذمہ دار جنوبی کوریا کو ٹھہرانے پر دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا نے روسی الزام کو بے ہودہ اور جاہلانہ قرار دیتے ہوئے روسی سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے کہا تھا کہ جزیرہ نما کوریا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی بنیادی طور پر امریکا اور اس کے اتحادیوں بشمول جمہوریہ کوریا اور جاپان کی ڈھٹائی کی پالیسی کی وجہ سے ہے۔

روسی ترجمان کا یہ بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا اور امریکا نے الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا نے یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کو مہلک ہتھیار فراہم کیے ہیں۔

یاد رہے کہ روس نے حال ہی میں شمالی کوریا کے ساتھ اپنے سفارتی اور تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا ہے جب کہ جنوبی کوریا کا زیادہ جھکاؤ امریکا کی جانب ہے۔

جوہری ہتھیاروں سے لیس شمالی کوریا نے ایک بار پھر جنوبی کوریا کو اپنا بنیادی دشمن قرار دیتے ہوئے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دوبارہ اتحاد اور امن معاہدے کے لیے کوشاں ایجنسیوں کو بند کردیا تھا اور جنگ کی دھمکی دی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں