انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ اوپن مارکیٹ میں کم

ڈالر انٹربینک مارکیٹ میں 279 روپے 42 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 281 روپے 13پیسے کی سطح پر بند ہوگیا


ویب ڈیسک February 06, 2024
فائل : فوٹو

انٹربینک مارکیٹ میں بیرونی ادائیگیوں کی طلب سے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

عالمی ریٹنگ ایجنسی (ایس اینڈ پی) کی انتخابات سے وابستہ مثبت توقعات کے باعث منگل کو ڈالر کے اوپن مارکیٹ ریٹ میں کمی دیکھی گئی جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں سپلائی بہتر ہوتے ہی بیرونی ادائیگیوں کی طلب سے ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نئی حکومت کا عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) قرض پروگرام، معیشت کی بحالی اور بیرونی سرمایہ کاری پر توجہ مرکوز ہونے کی توقعات جیسے عوامل کے سبب انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر تنزلی سے دوچار رہی ۔

انٹربینک مارکیٹ میں ایک موقعے پر ڈالر کا ریٹ 35 پیسے کی کمی سے 279 روپے 5 پیسے کی سطح پر بھی آگیا تھالیکن سپلائی بڑھتے ہی کاروبار کے اختتامی لمحات میں مارکیٹ فورسز کی طلب میں اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2 پیسے کے اضافے سے 279 روپے 42 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 پیسے کی کمی سے 281 روپے 13پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایس سی) کی جانب سے انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت میں معیشت سنوارنے، اصلاحات جاری رکھنے کے ایجنڈے پر عمل درآمد کے منصوبے سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بھی بہتر ہونے کے امکانات ہیں۔

آئی ایم ایف کی اگلی قسط کے بعد اپریل میں نئے پروگرام میں شمولیت کے بھی امکانات ہیں جو ڈالر کی نسبت روپیہ کو مزید مضبوط رکھنے کا باعث بنے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں