کراچی: بارات کے ساتھ آیا ہوا نوجوان اپنے پستول سے چلنے والی اتفاقیہ گولی سے جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 فروری 2024
پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے—فائل: فوٹو

پولیس کے مطابق نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کردی گئی ہے—فائل: فوٹو

  کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں بارات کے ساتھ آنے والا نوجوان اپنے ہی پستول سے چلنے والی اتفاقیہ گولی سے جاں بحق ہو گیا۔

ایس ایچ او بلدیہ ٹاؤن فیصل رفیق نے بتایا کہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے جام نگر ساڑھے پانچ نمبر میں اتفاقیہ گولی چلنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا اور لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کی جا رہی ہے۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 22 سالہ اکرام کے نام سے ہوئی ہے، متوفی اپنے دیگر دوستوں کے ہمراہ بھینس کالونی سے آنے والی بارات کے ساتھ آیا تھا اور پستول ان کی شلوار کے نیفے میں لگی ہوئی تھی اور لوڈ تھی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اکرام کار سے اتر رہا تھا کہ اس دوران پستول سے گولی چل گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔

ایس ایچ او بلدیہ ٹاؤن نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرلیے اور ضابطے کی کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔