ملک بھر میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

ویب ڈیسک  اتوار 25 فروری 2024
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

 اسلام آباد: رواں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز  آج 26 فروری  سے ہورہا ہے، مہم کے دوران  چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ملک بھر میں  3 مارچ تک جاری رہنے والی7 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کیلیے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جو گھر گھر جاکر 5 سال تک کی عمر کے چار کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

اس دوران بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے وٹامن A کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔ وزارت صحت کے مطابق خیبر پختونخوا کے 33 اضلاع کے علاوہ ملک بھر میں یہ مہم چلائی جائے گی۔

کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں1 کروڑ 60لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ پنجاب میں 2کروڑ 30لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 26لاکھ 55ہزارجبکہ اسلام آباد، آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں14لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے دیے جائیں گے۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پولیو نے ہمارے بچوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے اور اس کا خاتمہ ایک قومی ہدف ہے۔ والدین سے اپیل ہے کہ ویکسین کی اہمیت کو سمجھیں اوراپنے بچوں کو اس مہم میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں ، کیونکہ اگر کل بچّے کو چلنا ہے تو اس کا فیصلہ آج کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔