کچھ چھپکلیوں اور سانپوں کے سر پر سینگ کیوں ہوتے ہیں
سینگوں کی حامل چھپکلیوں اور سانپوں کی اکثریت شکار کیلئے انتظار کرتی ہے بجائے اس کا پیچھا کرنے کے
سینگ صرف گینڈے اور مویشیوں کے لیے ہی خاص نہیں ہیں بلکہ یہ سانپوں اور چھپکلیوں کی کافی تعداد کے سروں پر بھی آپ نے دیکھے ہوں گے لیکن آخر اس کی وجہ کیا ہے؟
بائیولوجی لیٹرز میں محققین کی طرف سے شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق سینگوں کی حامل چھپکلیوں اور سانپوں کی اکثریت شکار کیلئے انتظار کرتی ہے بجائے اس کا پیچھا کرنے کے۔
سائنسدانوں کے مطابق سینگ ممکنہ طور پر زیادہ تر ساکت جانوروں کو ارد گرد ماحلوں میں چھُپنے میں مدد کرتے ہیں لیکن زیادہ حرکت کرنے والوں کیلئے یہ نقصان دہ ہو سکتے ہیں کیونکہ یہ ممکنہ طور پر شکار اور شکاریوں کی نظر میں جانور کی موجودگی کو ظاہر کرتے ہیں۔
ماضی میں ہوئے مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ قدیم زمانے میں سانپوں اور چھپکلیوں میں سینگ مختلف امور میں بھی استعمال ہوتے ہوں گے جیسے کہ ملاپ، دفاع یا اس سے جسمانی ہیئت کی وجہ سے دیگر جانوروں کو فریب دینا۔
بیلجیئم کی یونیورسٹی آف انٹورپ میں محقق فیڈریکو بنفی نے کہا کہ سینگ کچھ اقسام کے جانداروں لیے ایک نعمت ہوتے ہیں لیکن کچھ کے لیے بوجھ۔
انہوں نے کہا کہ جو جانور بہت زیادہ حرکت کرتے ہیں، وہ اپنے سروں پر سینگ رکھنے سے نقصان کا شکار ہو سکتے ہیں۔ یہ انہیں شکار اور شکاریوں کے لیے زیادہ نمایاں بناتے ہیں کیونکہ سینگ ان کے سر کو بڑا دکھاتا ہے جسے دوسرے شکاری جانور انہیں باآسانی دیکھ سکتے ہیں۔