فلمیں فلاپ ہونے پر بالی ووڈ میں بُرا سلوک کیا گیا سارہ علی خان کا انکشاف

مجھے راتوں رات آسمان سے زمین پر گِرا دیا گیا، سارہ علی خان


ویب ڈیسک March 15, 2024
لوگوں کے بدلے ہوئے رویے سے تکلیف ہوتی ہے : سارہ علی خان (فوٹو : فائل)

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ جب اُن کی فلمیں فلاپ ہونے لگیں تو انڈسٹری کے لوگوں نے اُن کے ساتھ بُرا سلوک کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سارہ علی خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی آنے والی نئی فلم 'اے وطن میرے وطن' کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتی ہوں کہ میری تمام فلمیں اچھا کام کریں لیکن ساتھ ہی میں اب ناکامیوں کی تھوڑی عادی بھی ہوچکی ہوں۔

سارہ علی خان نے کہا کہ جب میں نے سال 2018 میں انڈسٹری میں ڈیبیو کیا تھا تو مجھے لوگوں اور میڈیا کی جانب سے بہت پیار ملا تھا، مجھے ایسا لگا جیسے میں دنیا میں سب سے آگے ہوں، میں نے اس سے پہلے کبھی ایسا پیار نہیں دیکھا تھا لیکن چند سالوں بعد جب میری کچھ فلمیں باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکیں تو وہی لوگ جو میرے دوست ہوا کرتے تھے، مجھے پیار کرتے تھے اُنہوں نے میرے ساتھ بُرا سلوک کرنا شروع کردیا۔

سیف علی خان کی بیٹی نے کہا کہ پہلے جو لوگ مجھے اپنی پارٹیوں میں مدعو کرتے تھے وہ اب کہتے ہیں کہ اگر میں اُن کی پارٹیوں میں شرکت نہ بھی کروں تو ٹھیک ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کے بدلے ہوئے رویے سے تکلیف ہوتی ہے، مجھے راتوں رات آسمان سے زمین پر گِرا دیا گیا لیکن میں اب اس سب کی عادی ہونے کی کوشش کر رہی ہوں کیونکہ کامیابی اور ناکامیاں زندگی کا حصہ ہیں۔

مزید پڑھیں: سیف علی خان نے مردوں کو جوان اور خوبصورت خواتین سے شادی کا مشورہ دے دیا

اُنہوں نے اپنی والدہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری زندگی میں میرا ماں کا کردار بہت اہم ہے، اُنہوں نے مجھے اپنی طرح مضبوط بنایا ہے کیونکہ بہت کم عُمری میں مجھے احساس ہوگیا تھا کہ جب آپ ایک 'سنگل مدر' کے ساتھ ہوں تو کوئی بھی آپ کے لیے کچھ نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ سیف علی خان نے پہلی شادی 1991 میں اپنے سے بڑی عمر کی ساتھی اداکارہ امریتا سنگھ سے کی تھی جن سے ان کے دو بچے بیٹی سارہ علی خان اور ابراہیم علی خان ہیں۔

امریتا سنگھ سے طلاق کے بعد سیف علی خان نے 2012 میں کرینہ کپور کے ساتھ دوسری شادی کی تھی جس سے ان کے دو بیٹے تیمور علی خان اور جہانگیر علی خان ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں