35 سالہ شخص نے انڈے کا سالن نہ بنانے پر اپنی پارٹنر کو قتل کردیا

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2024
35 سالہ للن یادیو اور 32 سالہ انجلی کافی عرصے سے ایک ساتھ رہ رہے تھے، فوٹو: فائل

35 سالہ للن یادیو اور 32 سالہ انجلی کافی عرصے سے ایک ساتھ رہ رہے تھے، فوٹو: فائل

نئی دہلی: بھارت کے علاقے گروگرام میں انڈے کا سالن پکانے سے انکار کرنے پر 35 سالہ شخص نے اپنی پارٹنر کو ہتھوڑے اور اینٹوں سے مار مار کر بیدردی سے قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ جوڑا 6 ماہ سے لیو ان ریلیشن شپ میں ایک زیر تعمیر مکان میں رہ رہا تھا۔ پولیس نے سفاک قاتل للن یادیو کو حراست میں لے لیا جب کہ مقتولہ کی شناخت 32 سالہ انجلی کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کو قتل کی اس ہولناک واردات کی اطلاع مزدوروں نے دی جو عمارت کے زیر تعمیر حصے میں کام کر رہے تھے۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو وہاں خاتون کو خون میں لت پت پایا۔

پولیس نے خاتون کے ساتھ رہنے والے پارٹنر 35 سالہ للن یادیو کو گرفتار کرلیا جس نے بتایا کہ اس کی بیوی 6 ماہ قبل سانپ کے کاٹنے سے مر گئی تھی اور وہ گھر والوں سے لڑ کر دہلی آگیا جہاں اس کی ملاقات انجلی سے ہوئی اور دونوں نے ساتھ رہنا شروع کیا۔

بعد ازاں یہ دونوں اسی عمارت میں بطور مزدور کام کرنے لگے اور یہی رہتے بھی تھے۔

ملزم نے اپنے اعترافی بیان میں بتایا کہ گزشتہ شب انڈے کا سالن نہ بنانے پر جھگڑا ہوا اور میں نے غصے میں آکر اُسے اینٹوں اور ہتھوڑے سے مار دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔