پنڈی میں نوجوان لڑکی کے قتل کا معمہ حل، مالک مکان قاتل نکلا

ویب ڈیسک  پير 18 مارچ 2024
ملزم مالک مکان کی تصویر (فوٹو : پولیس)

ملزم مالک مکان کی تصویر (فوٹو : پولیس)

راولپنڈی: مارٹ پر کام کرنے والی بائیس سالہ لڑکی کے اندھے قتل کا سراغ لگالیا گیا، مالک مکان ہی قاتل نکلا جس نے گیس اور بجلی کے بلوں کے تنازع پر قینچی کے وار سے لڑکی کو قتل کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تھانہ پیرودھائی میں شہری زریز جمشید نے مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا تھا کہ اس کی بائیس سالہ بہن مسماة حفضہ جمشید دس ماہ سے ایک مارٹ پر راولپنڈی میں کام کرتی تھی جس نے ڈھوک نجو پل پیرودھائی کے پاس ایک کمرہ کرائے پر لے رکھا تھا جو اکیلی رہتی تھی، ہمشیرہ 3 مارچ کو گاؤں سے واپس راولپنڈی آئی جس کا تین دن قبل فون نمبر بند مل رہا تھا۔

بھائی نے بتایا کہ اطلاع ملی کہ حفضہ جمشید قتل ہوئی ہے اطلاع پا کر ہسپتال پہنچے تو بہن حفضہ جمشید کی نعش ہسپتال میں پڑی تھی جس کو گردن پر بائیں طرف کسی نوکیلی چیز سے زخم لگے ہوئے تھے قوی یقین ہے کہ میری بہن کو تنویر اور مسماة نور نے باہم صلاح مشورہ ہو کر قتل کیا۔

پولیس نے تفتیش شروع کی تو انکشاف ہوا کہ قتل میں نامزد ملزمان ملوث نہیں بلکہ مالک مکان عبدالواحد ملوث ہے جس نے بجلی گیس کے بلوں کے لین دین کے تنازے پر تلخ کلامی کے دوران قینچی کے وار کرکے حفضہ کو قتل کردیا۔

پیرودہائی پولیس نے تمام زاویوں پر تحقیقات کرتے ہوئے قتل میں ملوث ملزم عبدالواحد کو گرفتار کیا۔

ایس پی راول فیصل سلیم کے مطابق ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کرکے قرار واقعی سزادلوائی جائے گی۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے قلیل وقت میں اندھے قتل کا کیس حل کرکے سفاک قاتل کو گرفتار کرنے پر ایس پی راول، ایس ڈی پی او سٹی اور پیرو دہائی پولیس کو شاباشی دی ہے اور کہا ہے کہ ملزم کتنا ہی شاطر کیوں نہ ہو قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔