پاکستان کوسٹ گارڈز نے ایک بڑی کارروائی میں بوریوں میں چھپایا گیا اسلحہ اور گاڑیاں برآمد کرلیں۔
ترجمان کے مطابق خفیہ ذرائع کی اطلاع کی بنیاد پر گوادر کے علاقے سربندر میں پاکستان کوسٹ گارڈز نے سرچ آپریشن کیا، جس میں ایک ملزم کے قبضے سے 2 عددبوریوں میں چھپائے گئے 36عدد گلاک پستول برآمد کرلیے گئے۔
گرفتارملزم کی نشان دہی پرقریبی گھروں کی تلاشی کے دوران موٹر سائیکل2گاڑیاں اور ایک ڈبل بیرل شاٹ گن بھی برآمد کرلی گئی۔ کارروائی میں 6مشتبہ افراد کو اسلحہ اسمگلنگ میں ملوث ہونے کی بنیاد پر گرفتار کرلیا گیا۔
پاکستان کوسٹ گارڈز نے مذکورہ اسلحہ، گاڑیاں اور ملزمان کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی۔
علاوہ ازیں پاکستان کوسٹ گارڈز نے جیوانی کے علاقے میں سمندر میں اینٹی ٹرالنگ آپریشن کیا، اس دوران فشنگ ٹرالر کو 2 گھنٹے تعاقب کرنے کے بعد قبضے میں لے کر جیوانی جیٹی پر منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈزمنشیات اور ہر طرح کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔ منشیات اور غیر قانونی اسلحہ کی لعنت سے معاشرے کو پاک کرنے کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔