کولیسٹرول قابو کرنیوالی ادویات مسوڑھوں کی بیماری میں مفید قرار

تحقیق کے مطابق اسٹیٹنس مسوڑھوں کے انفیکشن سے ہونے والی سوزش کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں


ویب ڈیسک March 28, 2024

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کولیسٹرول کو قابو میں رکھنے والی ادویات (اسٹیٹنس) مسوڑھوں کی بیماری (پیریوڈونٹل بیماری) سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

امریکا کی میڈیکل یونیورسٹی آف ساؤتھ کیرولائنا میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق اسٹیٹنس میکروفیجز نام کے مدافعتی خلیوں کے رویے میں تبدیلی لا کر مسوڑھوں کے انفیکشن سے ہونے والی سوزش کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔

تازہ ترین تحقیق کے نتائج کے مطابق یہ ادویات قلبی مرض کے خطرات کو کم کرنے کے ساتھ مسوڑھوں کی صحت کو بہتر کرنے میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہیں۔

جامعہ سےتعلق رکھنے والے ایک اسسٹنٹ پروفیسر سبرامنیا پینڈروواڈا کا کہنا تھا کہ تحقیق کے دوران محققین نے مسوڑھوں کی بیماری کے دوران مخصوص کیفیات کی نقل کی اور اسٹیٹنس متعارف کراتے ہوئے میکروفیج کے ردِ عمل میں بہتری کا مشاہدہ کیا ۔ جس سے یہ بات جاننے کا موقع ملا کہ اسٹیٹنس کی طرح کی ادویات ان بیماریوں جیسی پُر سوزش کیفیات سے نمٹنے میں کس طرح مدد دے سکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ پیریوڈونٹل لٹریچر میں روایتی تھراپی کے ساتھ اسٹیٹنس کے استعمال کے مفید اثرات بتائے گئے ہیں۔ البتہ، اس تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ اسٹیٹنس خاص طور پر میکروفیجز کو متاثر کرتے ہیں جو مسوڑھوں کی بیماری کے علاج میں مدد دے سکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں