شام ایئرپورٹ کے نزدیک اسرائیل کے فضائی حملوں میں 42 افراد جاں بحق

فضائی حملہ حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو میں کیا گیا جس سے خوفناک دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اُٹھی


ویب ڈیسک March 29, 2024
فضائی حملہ حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو میں کیا گیا جس سے خوفناک دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اُٹھی، فوٹو: فائل

شام کے شہر حلب کے ایئرپورٹ کے نزدیک ہونے والے دھماکوں میں حزب اللہ کے کمانڈرز اور فوجیوں سمیت 42 سے زائد افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے فضائی حملوں میں جاں بحق ہونے والوں میں حزب اللہ کے 5 کمانڈرز اور 36 شامی فوجی بھی شامل ہیں۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ حملوں میں درجنوں افراد شدید زخمی ہیں جن میں سے 8 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

شام میں جنگ کے ایک اور مانیٹر گروپ نے دعویٰ کیا کہ کہ اسرائیلی نے حلب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ہتھیاروں کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکے ہوئے اور آگ بھڑک اُٹھی۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے بھی اسرائیلی حملوں میں بڑے پیمانے فوجی اور شہریوں کے جانی اور مالی نقصان کی تصدیق کی ہے لیکن اعداد و شمار فراہم نہیں کیے۔

اسرائیلی فوج نے ان حملوں کی تصدیق نہیں کی لیکن کہا جا رہا ہے کہ حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔

یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جنگ کے آغاز کے بعد سے اسرائیل نے لبنان اور شام میں حزب اللہ کے کمانڈرز اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے اسرائیل پر حملے میں حماس کی مدد کی تھی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں