نانبائی ایسوسی ایشنز نے روٹی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ مسترد کردیا

16 روپے کی روٹی اور 20 روپے کا نان فروخت نہیں کر سکتے، حکومتی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں، نانبائی ایسوسی ایشنز


ویب ڈیسک April 15, 2024
(فوٹو : فائل)

راولپنڈی اور اسلام آباد کی نانبائی ایسوسی ایشنز نے حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا۔

آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر کاشف چوہدری اور اسلام آباد نانبائی ایسوسی کے صدر سجاد عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 16 روپے کی روٹی اور 20 روپے کا نان فروخت نہیں کر سکتے، روٹی کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہیں۔

نانبائی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کے کہا کہ مہنگا آٹا ، مہنگا میدہ اور سستی روٹی کسی صورت منظور نہیں، انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے بہانے ہمارے قائدین کواغوا کیا گیا، 18 گھنٹوں سے ہمارے قائدین غائب ہیں، ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاہم قائدین رہا نہ ہوئے تو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔

واضح رہے کہ نانبائی ایسوسی ایشن کے راولپنڈی کے صدر شفیق قریشی اور سینئر نائب صدر سردار مشتاق کو گرفتار کیا گیا تھا۔

قبل ازیں پنجاب کے بعد اسلام آباد میں بھی روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے روٹی کی نئی قیمت 16 روپے جبکہ نان کی قیمت 20 روپے مقرر کردی گئی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے روٹی کی نئی نئی قیمت کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 120 گرام وزن کی روٹی 16 روپے اور 120 گرام وزن کے نان کی قیمت 20 روپے مقرر کردی گئی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا، ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں