کراچی میں شہری سے 2 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والا ملزم گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 30 اپريل 2024
پولیس نے سی پی ایل سی سینٹرل کی معاونت سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا

پولیس نے سی پی ایل سی سینٹرل کی معاونت سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا

 کراچی: لیاقت آباد پولیس نے شہری سے 2 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

سی پی ایل سی سینٹرل کی معاونت سے ٹیکنیکل بنیادوں اور اور پولیس انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے نارتھ ناظم آباد کے رہائشی شہری سے 2 کروڑ روپے بھتہ مانگنے والے ملزم دلاورعلی ولد عبدالقادر کو گرفتارکرکے اس قبضے سے نائن ایم ایم پسٹل بمع راؤنڈ لوڈ میگزین برآمد کرلی گئی۔

گرفتارملزم نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ نارتھ ناظم آباد کے رہائشی شہریارسے ابتدائی طور پر2 کروڑ روپے اور بعد ازاں ایک کروڑ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔ شہری کی شکایت پر نارتھ ناظم آباد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا۔

گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ شہریارکے ساتھ مال مویشی کا کاروبار کرتا تھا، جس کی مد میں اُس کا مقروض ہوگیا تھا۔ ملزم دلاورنے بتایا کہ شہریار کے باربارتقاضا کرنے سے تنگ آکربھتہ طلب کرنے کا منصوبہ فیصل کے ساتھ بنایا تھا۔

ملزم نے انکشاف کیا کہ فیصل کا تعلق لیاری گینگ وارسے ہے، جس نےغیرملکی نمبر کا استعمال کرتے ہوئے شہریارکو بھتے کی کال کی تھی۔ پولیس کے مطابق گرفتارملزم دلاورکے دوسرے ساتھی فیصل کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جسے جلد گرفتارکرلیا جائے گا۔ گرفتارملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ کا مقدمہ نمبر 245/2024 آرمز ایکٹ کے تحت علیحدہ سے درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔