چاند پر بھیجے گئے پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر سے پہلی تصویر موصول

ویب ڈیسک  جمعـء 10 مئ 2024
آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والی چاند کی پہلی تصویر

آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والی چاند کی پہلی تصویر

 اسلام آباد: چاند پر بھیجے گئے پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر کی لی گئی پہلی تصویر موصول ہو گئی۔

آئی کیو قمر نے چاند کی تصاویر بنانے کا کام شروع کردیا اور اس سے لی گئی پہلی تصویر باضابطہ طور پر پاکستانی سفیر کے حوالے کردی گئی۔ آئی کیوب قمر کی اس پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے ۔

یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ خلائی مشن آئی کیوب چاند کے مدار میں داخل

چائنا نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن میں آئی کیوب قمر کے کامیاب مشن پر خصوصی تقریب کا انقاد کیا گیا، جس میں چینی حکام نے آئی کیوب قمر سے موصول ہونے والا پہلا امیج پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی کے حوالے کر دیا۔

آئی کیوب قمر کو کامیابی سے چاند کے مقررہ مدار میں ڈپلائے کیا جا چکا ہے۔ آئی کیوب قمر تمام مقررہ پیرا میٹرز کے مطابق کام کر رہا ہے۔

آئی کیوب قمر کی پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے

آئی کیوب قمر کی پہلی تصویر میں سورج کی روشنی دکھائی دے رہی ہے

قبل ازیں ماہرین نے بتایا تھا کہ سیٹلائٹ امیجنگ سسٹم کے آپریشنل ہونے سے پہلے تمام ذیلی نظاموں کی تصدیق میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جس کے بعد آئی کیوب قمر سے چاند کی پہلی تصویر 15 یا 16 مئی تک موصول ہو نے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان چاند کے مدار میں سیٹلائٹ بھیجنے والا دنیا کا چھٹا ملک بن گیا ہے

چانگ ای 6 مشن چاند کی کشش ثقل کے زیر اثر قمری مدار میں داخل ہو چکا ہے اور اگلے مرحلے میں چانگ ای 6 کے لینڈر اور اسینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی عقبی جانب لینڈ کروایا جائے گا۔ اس کے بعد مین لینڈر چانگ ای 6 مشن سے یکم جون کو علیحدہ ہو جائے گا، جس کے بعد 2 جون کو چانگ ای 6 مشن قمری سطح سے مٹی اور چٹانوں کے سیمپلز جمع کرے گا ۔

چانگ ای 6 مشن 4 جون کو واپسی کا سفر شروع کرے گا ۔ اس سلسلے میں 6 جون کو چانگ ای 6 مشن ڈاکنگ کرے گا اور پروگرام کے مطابق 53 روزہ مشن مکمل کرنے کے بعد 25 جون کو زمین پر واپس لینڈ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔