پی ٹی آئی کے اسلام آباد سے تینوں امیدواروں کو فوری ریلیف نا مل سکا

عدالت نے دیگر فریقین کے ہمراہ 11 جون کے لیے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر دیا


ویب ڈیسک June 07, 2024
فوٹو: فائل

پی ٹی آئی کے اسلام آباد سے تینوں امیدواروں کو ہائیکورٹ سے فوری ریلیف نا مل سکا جبکہ الیکشن کمیشن اپنی کارروائی جاری رکھ سکے گا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے تین درخواستوں پر تین صفحات کا تحریری حکم جاری کر دیا۔ شعیب شاہین، علی بخاری اور عامر مغل نے درخواستیں دائر کر رکھیں ہیں۔

تحریری حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کی حکم امتناع کی درخواستوں پر 11 جون کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔ عدالت نے دیگر فریقین کے ہمراہ 11 جون کے لیے اٹارنی جنرل کو بھی نوٹس جاری کر دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ترمیمی آرڈیننس اور الیکشن کمیشن میں جاری کارروائی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ ہم نے ترمیمی آرڈیننس اور الیکشن کمیشن کی کارروائی چیلنج کی ہے، ٹریبونل سے الیکشن کیس ٹرانسفر کرنے کا ایڈمنسٹریٹو سائیڈ پر اختیار نہیں، یہ جوڈیشل سائیڈ اختیار ہے، کوئی اپنے عمل کا خود جج نہیں ہو سکتا، 2023 میں ترمیم کی گئی کہ ریٹائرڈ جج ٹریبیونل تعینات نہیں ہو سکتا، اب آرڈینس کے ذریعے کہا گیا ہے ریٹائرڈ جج بھی ٹریبیونل تعینات کر سکتے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ اگر ریٹائرڈ جج ٹریبیونل تعینات ہونا ہے تو کیا چیف جسٹس کی مشاورت سے ہوگا؟ کیا ماضی میں قانون کے مطابق ریٹائرڈ جج چیف جسٹس کی مشاورت سے تعینات ہوتا تھا؟

وکیل سجیل سواتی نے کہا کہ جی بالکل ریٹائرڈ جج ٹریبیونل کے لیے چیف جسٹس کی مشاورت سے تعینات ہوتا تھا۔

واضح رہے کہ پٹیشنرز نے الیکشن ایکٹ کی سیکشن 151، آرڈینس اور 4 جون کا الیکشن کمیشن کا آرڈر چیلینج کر رکھا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں