ریما خان حج کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب پہنچ گئیں
اس موقع پر اداکارہ نے اللہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا
ماضی میں لالی ووڈ کو مقبول ترین فلمیں دینے والی معروف اداکارہ ریما خان بھی حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ گئیں۔
ریما خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی تصویر پوسٹ کی جس میں حجاب اور عبایہ میں ملبوس تھیں جبکہ اُنہوں نے چہرے کو ماسک سے چھپایا ہوا تھا۔
اداکارہ نے بتایا کہ وہ 7 جون، جمعے کی صبح پاکستان سے مدینہ پہنچ گئی تھیں، اس موقع پر اداکارہ نے اللہ تعالیٰ کا شُکر بھی ادا کیا۔
اس کے علاوہ، اُنہوں نے اپنی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی جس میں وہ مسجد نبویﷺ کے صحن میں پرندوں کے ساتھ معیاری وقت گزار رہی تھیں۔
مذکورہ ویڈیو میں بھی اداکارہ کو عبایہ اور حجاب میں دیکھا جاسکتا ہے، ریما خان نے بتایا کہ وہ حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مدینہ آئی ہیں۔
شوبز شخصیات اور مداحوں کی جانب سے ریما خان کو حج کی ادائیگی کے لیے مبارکباد دی جارہی ہے۔
اس سے قبل مارننگ شو کی معروف میزبان ندا یاسر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں خوشخبری سُنائی تھی کہ وہ بھی حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہوگئی ہیں۔