اہم پروٹین میں اضافہ بینائی بچانے میں مددگار

آئی آر اے کے-ایم نامی پروٹین کی مقدار میں اضافہ آنکھ کے پردے (ریٹینا) کو محفوظ کرنے میں مدد دیتی ہے، تحقیق


ویب ڈیسک June 13, 2024

ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں کو معلوم ہوا ہے کہ آنکھ کے خلیوں میں ایک اہم پروٹین کا اضافہ 50 برس یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کو بینائی جانے کے سب سے بڑے سبب سے بچانے میں مدد دے سکتا ہے۔

ایج ریلیٹڈ میکیولر ڈیجنریشن (اے ایم ڈی، لوگوں کی بینائی کو متاثر کرنے والی عام کیفیت) سے برطانیہ میں تقریباً 7 لاکھ افراد متاثر ہیں اور فی الحال اس کا کوئی مؤثرعلاج موجود نہیں ہے۔

یونیورسٹی آف برسٹل کے محققین کی رہنمائی میں کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ آئی آر اے کے-ایم نامی پروٹین کی مقدار میں اضافہ آنکھ کے پردے (ریٹینا) کو محفوظ کرنے میں مدد دیتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ یہ کامیابی ممکنہ طور پر ایسی جین تھراپیز کی راہ ہموار کر سکتی ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے آئی آر اے کے-ایم کی مقدار بڑھا کر اے ایم ڈی کے خلاف حفاظت کی جاسکتی ہے۔

جامعہ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر اینڈریو ڈِک نے تحقیق کے متعلق کہا کہ نتائج بتاتے ہیں کہ آئی آر اے کے-ایم میں اضافہ اے ایم ڈی کا ممکنہ علاج ہوسکتا ہے اور یہ اس عام سی کیفیت کا ایک دلچسپ علاج پیش کر سکتا ہے، جس میں کئی تھراپیز بے سود رہی ہیں۔

اے ایم ڈی عموماً 50 برس سے زیادہ عمر کے افراد کو متاثر کرتا ہے۔ اس کیفیت کے حتمی سبب کا تو سائنس دانوں کو علم نہیں لیکن اس کا تعلق سیگریٹ نوشی، بلند فشار خون، زیادہ وزن اور خاندانی تاریخ سے جوڑا جاتا ہے۔

اس کیفیت میں مکمل بینائی ختم نہیں ہوتی لیکن روز مرہ کے امور جیسے کہ پڑھنا، گاڑی چلانا اور چہرے پہچاننا میں مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں