شادی کیلیے نوکری کی شرط امیدوار نے درخواستِ ملازمت میں اپنا ’حالِ دِل‘ لکھ دیا
کمپنی کی مالک خاتون نے امیدوار سے سوال کیا تھا کہ وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ وہ اس عہدے کے لیے اہل ہیں
ایک بھارتی میڈیکل کمپنی نے حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ملازمت کی ایک درخواست شیئر کی جس میں امیدوار آجر سے منتیں کر رہا ہے کہ اگر اسے ملازمت نہیں دی گئی تو وہ اپنی محبوبہ سے شادی نہیں کر پائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق Arva Health کی بانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، دیپالی بجاج نے حال ہی میں X پر ایک امیدوار کی ملازمت کی درخواست شیئر کی جس نے انٹرنیٹ صارفین کو کافی محظوظ کیا۔
مِس بجاج ایک انجینئر کیلئے آن لائن ملازمتوں کی درخواستوں کا جائزہ لے رہی تھیں کہ جبھی وہ ایک درخواست پر آخر رُک گئیں۔ خاتون نے جب امیدوار سے سوال کیا گیا کہ وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ وہ اس عہدے کے لیے اہل ہیں تو امیدوار نے بلا جھجھک اعتراف کیا کہ اسے اپنے خوابوں کی لڑکی سے شادی کرنی ہے اور اس کے لیے اسے نوکری کی ضرورت ہے۔
لڑکے نے وضاحت کی کہ لڑکی کا والد بضد ہے کہ اسے فوراً نوکری ملنی چاہیے، ایسا نہ ہو کہ وہ اپنی بیٹی کی شادی کسی دوسرے گھر میں کردیں۔
امیدوار نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ میں کمپنی کے لیے ایک بہتر انتخاب ثابت ہونگا جو اس پوزیشن کی ضروریات کے مطابق ہو۔ مِس بجاج نے درخواست کا ایک اسکرین شاٹ ایکس پر شیئر کیا اور کیپشن میں لکھا کہ ملازمت پر رکھے جانے کا عمل بھی مزے دار ہوتا ہے۔