پشاور بارودی مواد کی اسمگلنگ میں ملوث 14 ملزمان گرفتار
ملزمان سے 275 کلو گرام بارود، 6 سو عدد ڈیٹونیٹر، 11 بنڈل سیفٹی فیوز سمیت متعدد گاڑیاں برآمد،ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی
ایس ایس پی آپریشن سی ٹی ڈی پشاور احمد شاہ نے کہا ہے کہ بارودی مواد کی اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 14 ملزمان گرفتار کرکے 275 کلو گرام بارود، 6سو عدد ڈیٹونیٹر، 11 بنڈل سیفٹی فیوز برآمد کرلیے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی نے ضلع مہمند میں بارودی مواد کے اسمگلرز اور منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں کی ہیں جس میں چار مختلف مقدمات میں 14 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ تاحال دو ملزمان گرفت سے باہر ہیں، کارروائی کے دوران ملزمان سے مجموعی طور پر 275 کلو گرام بارود، 6سو عدد ڈیٹونیٹر، 11 بنڈل سیفٹی فیوز برآمد، ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائی کے دوران ملزمان سے سات لاکھ پانچ سو روپے نقد برآمد ہوئے، ملزمان سے بارود کی اسمگلنگ میں استعمال شدہ چار گاڑیاں، 2 ڈاٹسن،3عدد فیلڈر، پانچ عدد کرولا برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزمان میں عزیراللہ، زافیراللہ، اعجاز خان، عبدالکبیر، محمدابراہیم، یونس خان، روزی خان، یونس گل، بختی رحمان اور رحمان ولی شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں دو ملزمان محمد اقبال اور عزیز اللہ کی درخواست ضمانت ہائی کورٹ سے خارج ہیں، گرفتارملزمان کا تعلق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے ہے، مائننگ میں استعمال ہونا والا بارود دہشت گردی میں بھی استعمال کیا جاتا تھا۔