اسرائیل کی غزہ میں اقوام متحدہ کے اداراے اونرا پر بمباری 4 فلسطینی شہید

7 اکتوبر سے جاری غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کرگئی


ویب ڈیسک June 23, 2024
اونرا کے مرکز پر اسرائیلی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوگئے

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ بلا تعطل 7 ماہ سے جاری ہے اور تازہ حملے میں مزید 4 فلسطینیوں کے شہادت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 37 ہزار 598 ہوگئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونرا کے ایک اور مرکز کو نشانہ بنایا۔ اسرائیلی فوج کے حملے کے وقت وہاں درجنوں افراد موجود تھے۔

اقوام متحدہ کے ادارے اونرا کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ اسپتال میں دوران علاج 4 افراد نے دم توڑ دیا جب کہ 6 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔

تاہم اونرا کے ترجمان نے اپنے بیان میں یہ نہیں بتایا کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والے اونرا کے ملازمین تھے یا امداد لینے کے لیے جمع ہونے والے فلسطینی تھے۔

خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی امدادی تنظیم اونرا کے مرکز پر یہ پہلا حملہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی اسرائیلی فوج نے امدادی سامان کے لیے جمع ہونے والے فلسطینی پناہ گزینوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

ایسے دردناک واقعات میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور عالمی رہنماؤں سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان واقعات کی شدید مذمت کی تھی لیکن اسرائیل ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں