ڈائریکٹوریٹ کسٹمز پوسٹ کلیئرنس آڈٹ ساؤتھ نے ایک کارروائی میں ایکسپورٹ فنانس اسکیم میں کروڑوں روپے مالیت کے فراڈ کا انکشاف کیا ہے۔
میسرز حمزہ کارپوریشن کراچی کے ایک بڑے فراڈ کا پردہ فاش ہوگیا۔ ڈائریکٹر کسٹمز پی سی اے شیراز احمد کے مطابق ای ایف ایس ،مینوفیکچرنگ بانڈ اور ڈی ٹی آر ای کی سہولت کے غلط استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جس میں کمپنی پر ٹیکسز اور ڈیوٹی کی مد میں 12 کروڑ 50 لاکھ روپے کی چوری پکڑی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ آڈٹ میں کسٹم، سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس کی مد میں ابتدائی جانچ میں تضادات سامنے آئے۔ آڈٹ میں فیکٹری کے احاطے کا فزیکل معائنہ بھی کیا گیا۔ مراعات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مذکوہ کمپنی نے ڈیوٹی اور ٹیکسز کی چوری کی ۔ یہ بھی انکشاف ہوا کہ درآمد کنندہ نے سامان مقامی مارکیٹ میں فروخت کیا ۔ آڈٹ ٹیم نے یونٹ کے پاس اسپننگ، ویونگ، ڈائینگ، پرنٹنگ، سلائی سے متعلق کوئی سہولت موجود نہیں تھی۔ صرف سوت بنانے والی مشینیں نصب پائی گئی تھیں۔
آڈٹ ٹیم کے مطابق ملزمان کے خلاف سیکشن 32 کے تحت مالی فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔