راولپنڈی چینی شہری کے کال سینٹر میں ڈکیتی ڈاکو نقدی 40 موبائل فون اور لیپ ٹاپ لے گئے
کال سینٹر میں دو نقاب پوش ڈاکو خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرکے داخل ہوئے تھے، تحقیقات کررہے ہیں، پولیس
تھانہ صادق آباد کے علاقے مری روڈ پرچینی باشندے کے کال سینٹر پر ڈکیتی کی واردات، ملزمان نقدی اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔
پولیس کے مطابق مری روڈ پر واقع کیانی پلازہ میں چینی باشندے کے کال سینٹر میں دو نقاب پوش ڈاکو خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کرکے داخل ہوئے۔
ملزمان نے اسلحے کے زور پر کال سینٹر کے سی سی ٹی وی کیمرے بند کرکے کارڈ نکال لیے اور70 ہزار کی نقدی ، 40 موبائل فون اور لیپ ٹاپ لوٹ کر لے گئے۔
ملزمان جاتے ہوئے کمپنی کے مالک چینی باشندے سے گاڑی کی چابی بھی چھین لے گئے، اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرانزک ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔
ایس پی راولپنڈی فیصل سلیم کے مطابق ملزمان نے خود کو ایف آئی اے اہلکار ظاہر کیا اور چیکنگ کے بہانے موبائل فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ لے گئے، تاہم متاثرہ کمپنی انتظامیہ پولیس کارروائی کروانے سے بھی ہچکچارہی ہے۔
فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو بھی کال کیا ہے کہ وہ معاملے کو دیکھیں۔