کراچی کے بادل اور پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک جیسے ہیں عادی عدیل
شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے کامیڈین اداکار اور میزبان عادی عدیل نے کراچی کے بادلوں کا موازنہ پاکستانی کرکٹ ٹیم سے کردیا۔
کچھ روز سے کراچی میں بادلوں کا راج ہے جس کی وجہ سے شہر میں گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے لیکن حبس برقرار ہے جبکہ گزشتہ روز شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش بھی ہوئی۔
گرمی کے ستائے شہری تیز بارش کے انتظار میں ہیں کیونکہ شہرِ قائد پر بادل تو چھائے ہوئے لیکن وہ کُھل کر برس نہیں رہے، ایسے میں کامیڈین اداکار عادی عدیل نے اپنے آفیشل انسٹاگرام کی اسٹوری میں دلچسپ پیغام جاری کیا۔
عادی عدیل نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ کراچی کے بادلوں کی پرفارمنس بھی ہماری قومی کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ پرفارمنس کی طرح ہورہی ہے۔
اداکار نے کہا کہ قومی کرکٹرز کی طرح بادل بھی ہر جگہ چھائے ہوئے ہیں لیکن کر کچھ نہیں رہے۔
واضح رہے کہ امریکا میں کھیلے گئے 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی کرکٹ ٹیم نے ناقص پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اور شروعات میں ہی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی تھی۔