اسلام آباد میں شاپنگ پلاسٹک بیگز کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ
شہر میں پولی تھین بیگز کا استعمال روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پلاسٹک بیگز کا استعمال ماحولیاتی آلودگی کا باعث ہے۔
ڈپٹی کمشنرر اسلام آباد نے آلودگی کا باعث بننے والے شاپنگ پلاسٹک بیگز کا استعمال روکنے کے لیے بڑے کریک ڈاون کا فیصلہ کرلیا۔
اس کریک ڈاون کے لیے ڈی سی اسلام آباد نے 8 ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ یہ ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں پلاسٹک بیگز کے استعمال کے خلاف کاروائیاں کریں گی اور ان ٹیموں کی نگرانی اسلام آباد کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان نواز نے بتایا کہ شہر میں پولی تھین بیگز کا استعمال روکنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پلاسٹک بیگز کا استعمال ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث ہے۔
اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی کہ پلاسٹک بیگز کے خلاف جنگ میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں۔