صوبائی دارالحکومت میں ورسک روڈ پر ریپڈ رسپانس فورس کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی گئی، تاہم بڑا نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ریپڈ رسپانس فورس کی گاڑی کے سڑک پر گزرنے کے دوران زور دار دھماکا ہوا، جس کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی۔ اس موقع پر کرائم سین اور بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کرلیا گیا۔
ایس پی ورسک ارشد خان کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں پتا چلا ہے کہ یہ آئی ای ڈی دھماکا تھا، جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بارودی مواد سڑک کے درمیان رکھا گیا تھا اور پولیس موبائل کے پہنچتے ہی دھماکا ہوگیا۔
بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دیسی ساختہ دھماکے کے لیے 10 کلو وزنی بارودی مواد کا استعمال کیا گیا، جو مکمل طور پر پھٹ نہیں سکا، یہی وجہ ہے کہ ہونے والے دھماکے سے پولیس موبائل کو تیز رفتاری کی وجہ سے جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس کی گاڑی ورسک کی جانب جا رہی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کا ٹارگٹ پولیس وین تھی۔