ابھیشیک بچن اور کرشمہ کپور کی منگنی ٹوٹنے کی وجہ سامنے آگئی
منگنی ختم کرنے میں ببیتا کپور اور جیا بچن نے اہم کردار ادا کیا
بالی ووڈ کے معروف اداکار ابھیشیک بچن اور ماضی کی مقبول اداکارہ کرشمہ کپور کی منگنی ٹوٹنے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے ابھیشیک بچن اور ایشوریا رائے بچن کی طلاق کی خبریں گردش کررہی ہیں، ایسے میں مداحوں نے اس جوڑی کی شادی سے لیکر اب تک کی تمام خبروں پر نظریں جمائی ہوئی ہیں۔
طلاق کی خبروں کی وجہ سے بچن خاندان بھارتی میڈیا کی سرخیوں کی زینت بنا ہوا ہے، میڈیا پر اس خاندان سے متعلق پُرانی ویڈیوز، انٹرویوز اور خبریں ایک بار پھر وائرل ہورہی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کی صفِ اول اداکارہ ایشوریا رائے کے ساتھ شادی سے قبل ابھیشیک بچن اپنی ساتھی اداکارہ کرشمہ کپور کی محبت میں گرفتار تھے۔
ابھیشیک بچن اور کرشمہ کپور کے درمیان 5 سال تک قریبی تعلقات قائم رہے تھے، دونوں کی منگنی بھی ہوئی تھی لیکن منگنی کے بعد جب کرشمہ کا کیریئر عروج پر پہنچا تو دونوں کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔
مزید پڑھیں: 'بچن' کہہ کر پکارنے پر ایشوریا کا ردعمل کیا تھا؟ ویڈیو وائرل
رپورٹ میں بتایا گیا کہ منگنی کے ابتدائی دنوں میں بچن اور کپور خاندان بہت خوش تھا لیکن بعدازاں، جیا بچن نے شرط رکھی تھی کہ کرشمہ کپور شادی کے بعد فلموں میں کام نہیں کریں گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرشمہ کپور کی والدہ ببیتا کپور شرط ماننے پر راضی نہیں تھیں، وہ اپنی بیٹی کے کامیاب کیریئر کے لیے فکرمند تھیں اور اُس وقت امیتابھ بچن قرضے میں بھی ڈوبے ہوئے تھے تو وہ بچن خاندان میں اپنی بیٹی کی شادی کرتے ہوئے ڈر رہی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ببیتا کپور نے بچن خاندان سے اصرار کیا تھا کہ وہ امیتابھ بچن کی کچھ جائیداد ابھیشیک بچن کے نام کردیں تاکہ شادی کے بعد کرشمہ کپور کا مستقبل محفوظ ہوسکے۔
مزید پڑھیں: شتروگھن نے ابھیشیک، ایشوریا کی شادی کی مٹھائی واپس کیوں کی؟ وجہ سامنے آگئی
جیا بچن بھی اپنی شرط سے پیچھے نہیں ہٹیں اور ببیتا کپور بھی منگنی سے ناخوش تھیں لہٰذا دونوں نے اپنے بچوں کی منگنی توڑنے میں بڑا کردار ادا کیا۔
ابھیشیک بچن سے منگنی ٹوٹنے کے بعد کرشمہ کپور نے سال 2003 میں سنجے کپور سے شادی کرلی تھی لیکن سال 2014 میں دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی تھی، کرشمہ اور سنجے کے دو بچے سمیرا اور کیان کپور ہیں۔
دوسری جانب ابھیشیک بچن نے سال 2007 میں ایشوریا رائے سے شادی کی اور ان کے گھر بیٹی آرادھیا کی پیدائش سال 2011 میں ہوئی تھی۔