دبئی میں ملازمین کیلئے آزمائشی طور پر ہفتے میں 4 دن کام کا منصوبہ

ابتدائی طور پر 15 سرکاری اداروں میں اس کی آزمائش کی جائے گی، رپورٹ


ویب ڈیسک August 09, 2024
دبئی میں گرمیوں کے دوران روزانہ کام کے اوقات بھی کم کردیے جائیں گے—فوٹو: فائل

دبئی میں گرمیوں کے دوران سرکاری ملازمین کے لیے روزانہ کام کے اوقات کم کرنے کے ساتھ ساتھ ہفتے میں 4 روز کام کے منصوبے پر آزمائشی طور پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کی ویب سائٹ دی نیشنل کی رپورٹ کے مطابق 15 سرکاری اداروں میں 12 اگست سے 30 ستمبر تک جمعے سے ہفتہ وار چھٹی ہوگی اور کام کا روزانہ دورانیہ 7 گھنٹے تک محدود کردیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دبئی کے گورنمنٹ ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ منصوبہ پائلٹ اسکیم کے طور پر شروع کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ملازمین کا معیار زندگی اور کارکردگی بہتر بنانا ہے۔

خبرایجنسی وام نے رپورٹ میں بتایا کہ ملازمین کو گرمیوں کے کام کے اوقات کا سروے پر کرنے اور اگست اور ستمبر میں دی گئی سہولت کے لیے دفتری اوقات کم کرنے کے لیے تجاویز دیں۔

ہیومن ریسورسز ڈپارٹمنٹ اس منصوبے کی نگرانی کرے گا اور حتمی تجاویز پر مشتمل فیڈبیک دیا جائے گا تاکہ پائلٹ اسکیم کو مستقبل میں گرمیوں کے دوران طویل مدتی منصوبے کے طور پر لاگو کیا جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 2022 میں شارجہ نے ہفتے میں چار دن کام کا نظام متعارف کروایا تھا اور اس سے قبل اسی سال جنوری میں ساڑھے دن کام کا معمول ترتیب دیا تھا۔

برطانیہ میں بھی 2022 میں ہفتے میں 4 دن کام کی وسیع پیمانے پر آزمائش کی گئی تھی اور اس کے بعد 61 کمپنیوں نے اس پالیسی کو جاری رکھا تھا۔

دبئی کے حکمران اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد نے دبئی کو دنیا کا بہترین شہر بنانے کے لیے منصوبہ بنایا تھا اور رواں برس مئی میں دبئی کے ولی عہد شیخ ہمدان بن محمدنے کوالٹی آف لائف اسٹریٹجی متعارف کروائی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں