دانیہ شاہ اور حکیم شہزاد کا الیکشن لڑنے کا اعلان

اگر الیکشن میں کامیاب ہوئے تو ہم پاکستان میں صدارتی نظام لائیں گے، حکیم شہزاد


ویب ڈیسک August 09, 2024
دانیہ شاہ نے حکیم شہزاد نامی اپنے وکیل سے دوسری شادی کی : فوٹو : اسکرین گریب

دوسری شادی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر وائرل ٹک ٹاکر دانیہ شاہ نے آئندہ ہونے والے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے۔

چند روز قبل دانیہ شاہ نے اپنے ویڈیو بیان کے ذریعے حکیم شہزاد نامی اپنے وکیل سے دوسری شادی کی تصدیق کی تھی، جس کے بعد اس جوڑے نے اپنے ولیمے کی تقریب کا انعقاد بھی کیا تھا۔

دوسری شادی کے اعلان کے بعد سے دانیہ شاہ اپنے شوہر حکیم شہزاد کے ہمراہ مختلف خبررساں اداروں اور مقامی صحافیوں کو انٹرویوز دیتی نظر آرہی ہیں۔

اب حال ہی میں مقامی صحافی کو دیے گئے انٹرویو میں حکیم شہزاد نے دانیہ شاہ کی سیاست میں انٹری کے حوالے سے اہم انکشاف کیا۔

حکیم شہزاد نے کہا کہ میری بیوی دانیہ شاہ لودھراں سے قومی اسمبلی کے لیے الیکشن لڑیں گی جبکہ میں خود شجاع آباد سے ایم این اے کا الیکشن لڑوں گا۔

مزید پڑھیں: "دانیہ پر حکمرانی نہیں کرنا چاہتا، اُن کے کپڑے استری کرنے سمیت سارے کام کرتا ہوں"

اُنہوں نے کہا کہ ہم دونوں میاں بیوی آئندہ ہونے والے الیکشن کی تیاری کررہے ہیں، اگر ہم الیکشن میں کامیاب ہوئے تو ہم پاکستان میں صدارتی نظام لائیں گے، میں صرف باتیں نہیں کررہا بلکہ جو بات زبان سے نکال دیتا ہوں وہ لازمی پوری کرکے دکھاتا ہوں۔

حکیم شہزاد نے پاکستان کے سیاسی رہنماؤں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک صحافی نے مجھ سے سوال کیا کہ اگر آپ کے سامنے عمران خان، آصف زرداری اور نواز شریف ہوں تو آپ ان میں سے کس کے ساتھ بیٹھنا پسند کریں گے؟

اُنہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں نے صحافی کو جواب دیا کہ میں اپنے ساتھ بیٹھنا پسند کروں گا کیونکہ میں خود رہنما ہوں، میں کسی کے پیچھے کیوں چلوں۔

واضح رہے حکیم شہزاد سے قبل دانیہ شاہ نے مرحوم عامر لیاقت حسین سے نکاح کیا تھا، دوسری جانب حکیم شہزاد کی دانیہ سے چوتھی شادی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں