NEW YORK:
امریکی ریاست مسیسیپی میں مسافر بس حادثے میں 6 سالہ بچے سمیت 7 افراد ہلاک اور 37 مسافر زخمی ہوگئے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ویرین کاؤنٹی کے کورونر ڈوگ ہسکے نے بتایا کہ مسیسیپی کے علاقے وکسبرگ کے مشرق میں مسافر بس حادثے کا شکار ہوئی اور 6 سالہ بچے اور 16 سالہ نوجوان سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے دونوں لڑکے بھائی تھے۔
مسیسیپی ہائی وے پیٹرول نے بتایا کہ بس حادثہ ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق صبح 12 بج کر 40 منٹ پر ویرین کاؤنٹی میں پیش آیا جب 2018 ولوو کمرشل مسافر بس منزل کی طرف روانہ ہونے کے بعد الٹ گئی۔
ایجنسی نے بتایا کہ 37 زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے اور اطلاع ہے کہ ڈرائیور کی معاونت کے لیے دوسرا ڈرائیور بس میں موجود نہیں تھا۔
ویرین کاؤنٹی کے شیرف مارٹن پیس نے بتایا کہ جب بھی لوگ زخمی یا جاں بحق ہوتے ہیں تو یہ دردناک ہوتا ہے لیکن جب اس طرح کی صورت حال ہو جہاں آپ کے سامنے زخمیوں اور ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہوتو صورت حال مزید خراب ہوجاتی ہے۔