اسپیکر قومی اسمبلی کا پارلیمنٹ اور لاجز کی تمام سروسز آؤٹ سورس کرنے کا اعلان
چھت ٹپکتی ہے، حالت بہت خراب ہے، اراکین پارلیمنٹ نے پارلیمان لاجز کے حوالے سے شکایات کے انبار لگادیے
اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین کی شکایات پر پارلیمنٹ لاجز کی تمام سروسز آؤٹ سورس کرنے کا عندیہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین اسمبلی نے پارلیمنٹ لاجز میں مسائل کے حوالے سے شکایات کے انبار لگا دیئے اور بتایا کہ پارلیمنٹ لاجز کی چھتیں ٹپکتی جبکہ حالات خراب ہیں۔۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے اراکین کی شکایات اور مسائل پر پارلیمنٹ لاجز اور پارلیمنٹ کی تمام سروسز آوٹ سورس کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سروسز آؤٹ سورس نہیں کی جائیں گی مسائل حل نہیں ہوسکتے، ہمیں پارلیمنٹ لاجز اور پارلیمنٹ کی تمام سروسز کو آوٹ سورس کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ قومی اسمبلی کی ہاؤس بزنس ایڈوائزری اس پر کام کر رہی ہے، رپورٹ آنے کے بعد جلد اس معاملے پر فیصلہ کیا جائے گا۔