تین سال بعد مہنگائی کی شرح کم ہونا حکومتی اقدامات کی عکاسی ہے وزیراعظم

اللہ کے فضل و کرم سے حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لارہی ہے، ستمبر میں افراط زر مزید کم ہوگی، شہباز شریف


ویب ڈیسک September 02, 2024
فوٹو فائل

وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی کے حوالے سے جاری ہونے والی ادارہ شماریات کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے حکومت کی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لارہی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق محمد شہباز شریف نے ادارہ شماریات کی جانب سے آج جاری کردہ رپورٹ میں اگست 2024 کے دوران مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آنے کہا کہ ماہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا عکاس ہے، گزشتہ تین تین برس میں مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی معاشی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی اکنامک آؤٹ لک رپورٹ کی پیشگوئی کی عین مطابق ہے، جس میں کیا گیا تھا کہ اگست 2024 میں افراط زر کی شرح 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی، معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی قوم کیلئے خوشخبری سے کم نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ملک میں 3 سال بعد مہنگائی سنگل ڈیجیٹ پر آگئی

وزیراعظم نے کہا کہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، جس کے بعد اگلے چار برس میں مجرمانہ غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ معیشت بد حالی کا شکار رہی اور مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوا پھر عوام کیلئے پریشانی کے دور کا آغاز ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اللہ رب العزت کا کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں، حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں، عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں