پاکستان اور ترکیہ کے درمیان انسداد دہشتگردی اور دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق

پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، مثالی برادرانہ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں، محسن نقوی


ویب ڈیسک September 05, 2024
رہنماؤں نے گفتگو کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا (فوٹو: فائل)

پاکستان اور ترکیہ کے مابین انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر اتفاق ہوگیا۔


ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وفاقی وزیرداخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے وزارت داخلہ میں ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔


دونوں رہنماؤں نے گفتگو کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان پروازوں کی تعداد بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔


اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرصہ قبل ترکیہ کو بھی دہشت گردی کا سامنا تھا۔ ترکیہ نے دہشت گردی پر قابو پایا اور اب حالات بہتر ہیں۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان نے بہ حیثیت قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انمٹ قربانیاں دی ہیں۔ پاک فوج، پولیس، رینجرز، ایف سی سمیت ہر طبقے نے خون دے کر اس جنگ میں تاریخ رقم کی ہے۔ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ترکیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔


انہوں نے کہا کہ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں دورہ کروں گا، جس میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات تجویز کریں گے۔ ہم پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مثالی برادرانہ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط تر بنانا چاہتے ہیں۔ پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔


وزیر داخلہ محسن نقوی نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی خدمات کو سراہا اور اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے حوالے سے او آئی سی میں بطور خصوصی ایلچی تعیناتی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے ترکیہ کے سفیر کی نئی تعیناتی اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔


ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں