ہارر کامیڈی فلم ’بھول بھلیاں 3‘ کب ریلیز ہوگی تاریخ سامنے آگئی
فرنچائز کی نئی فلم دنیا بھر میں ہنسی اور خوشی کا پیغام لے کر جائے گی، ہدایت کار انیس بزمی
بالی وڈ کے مشہور ہدایتکار انیس بزمی نے اپنی نئی ہارر کامیڈی فلم 'بھول بھلیاں 3' کی ریلیز کی تاریخ کی تصدیق کر دی ہے اور فلم یکم نومبر 2024 کو ریلیز ہوگی، جو ان کا جنم دن بھی ہے۔
ایک تازہ انٹرویو میں ہدایت کار نے کہا انہوں نے کبھی اپنی زندگی میں ایسی کوئی چیز منصوبہ بندی سے نہیں کی اور انہیں نہیں لگتا کہ سالگرہ کوئی خاص دن ہے لیکن اس بار ان کی سالگرہ اس لیے خاص ہوگی کہ ان کی فلم دنیا بھر میں ہنسی اور خوشی کا پیغام لے کر جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج کی ضرورت ہنسی ہے اور انہیں امید ہے کہ انہوں نے وہ فراہم کی ہے، فلم پر بہت محنت کی گئی ہے اور تکنیکی طور پر یہ ایک شاندار فلم ہے۔
فلم کے کامیاب ہونے کے امکانات پر انیس بزمی نے کہا کہ انہیں صرف دعاؤں کی ضرورت ہے، انہوں نے اپنی بہترین کوشش کی ہے اور وہ ہمیشہ محنت کرتے ہیں، لیکن کون سی محنت کامیاب ہوتی ہے یہ ان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک امتحان دینے جیسا ہے، چاہے آپ کتنے ہی اچھے طالب علم ہوں، امتحان دینے کے بعد ایک جوش ہوتا ہے کہ آپ کو کتنے نمبر ملیں گے۔