کراچی شاہ فیصل کالونی کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی ایک شخص جاں بحق

آگ لگنے کی اصل وجہ غیر قانونی پیٹرول پمپ بتائی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک September 11, 2024
فوٹو: ویڈیو گریب

شاہ فیصل کالونی کی رہائشی عمارت میں غیر قانونی پیٹرول پمپ کے باعث لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا۔

فائر بریگیڈ اور ریسکیو ذرائع کے مطابق شاہ فیصل کالونی 3 نمبر پر غیر قانونی پیٹرول پمپ اور ٹائروں کی دکان میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے دکان سے اوپر رہائشی بلڈنگ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

آتشزدگی کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا جس کی شناخت 40 سالہ سراج الدین کے نام سے کی گئی، آگ لگنے سے 10 سے زائد موٹر سائیکلیں جل گئیں جبکہ متعدد دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

ایس ایس پی کورنگی توحید رحمٰن میمن کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ واقعہ سگریٹ جلانے کی وجہ سے پیش آیا تاہم اس کی مزید تصدیق کرائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں پولیس کی کوئی غفلت یا کوتاہی نہیں، دو ڈھائی ماہ قبل پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ دکان کو بند کرا دیا تھا جس کے بعد مالک نے کورٹ سے رجوع کر کے اسٹے آرڈر لے رکھا تھا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شاہ فیصل کالونی میں رہائشی عمارت میں آگ لگنے کا نوٹس لتے ہوئے کمشنر کراچی اور ڈپٹی کمشنر ملیر کو فوری جائے وقوع پر پہنچ کر امدادی کاموں کی نگرانی کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت اور انہیں محفوط مقام تک پہنچانے کی ہرممکن کوشش کی جائے، لمحے لمحے کی صورتحال سے مجھے باخبر رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آگ لگنے کی اصل وجہ غیر قانونی پیٹرول پمپ بتائی جا رہی ہے، غیر قانونی پیٹرول بیچنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جہاں جہاں اس طرح کے غیر قانونی کھلے پیٹرول کا کاروبار چل رہا ہے ان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، انسانی جانوں سے کھیلنے کا کسی کوحق نہیں دے سکتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں