اسلام آباد ڈرائی پورٹ ایجنٹس کی ملکی بھگت سے ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش ناکام

امپورٹر نے کلیئرنگ ایجنٹس کی ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو ایک کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچانے کی کوشش کی، حکام


ویب ڈیسک September 26, 2024
(فوٹو: فائل)

پاکستان کسٹمز نے اسلام آباد ڈرائی پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مس ڈیکلریشن اور کسٹمز ایکٹ کی خلاف ورزی کرکے ڈیوٹی ٹیکسز کی مد سرکاری خزانے کوبھاری نقصان پہچانے کی کوشش پر غیر ملکی سوئٹرز کی کھیپ قبضے میں لے لی ۔


حکام کے مطابق امپورٹر نے کلیئرنگ ایجنٹس کی مبینہ ملی بھگت سے سرکاری خزانے کو تقریباً ایک کروڑ روپے کا نقصان پہچانے کی کوشش کی۔ امپورٹر جنید صدیقی اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ عبدالوحید اور مشتاق احمد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


تھانہ آئی اینڈ پی کسٹمز کلکٹریٹ اسلام آباد میں مقدمہ کسٹمز ڈرائی پورٹ کے اپریزنگ آفیسر نعمان علی کی مدعیت میں درج کیاگیا ہے، جس کے متن کے مطابق اسسٹنٹ کلیکٹر ڈرائی پورٹ افسر علی خالد کو اطلاع ملی کہ غیر ملکی سوئٹرز کی کھیپ کے سلسلے میں مس ڈیکلریشن کے ذریعے کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔


اسسٹنٹ کلیکٹر نے اپنی نگرانی میں چیکنگ کے لیے ٹیم تشکیل دی ، جس نے کھیپ کی جانچ پڑتال کی تو 36 ہزار 7 سو 32 غیر ملکی سوئٹرز برآمد ہوئے۔ جی ڈی (ریکارڈ ) پر غیر ملکی سوئٹرز کی تعداد 11 ہزار 2سو50 ظاہر کی گئی تھی۔


امپورٹر جنید صدیقی اور کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹ عبدالوحید و مشتاق احمد نے ملی بھگت و بدنیتی سے مس ڈیکلریشن کرکے کسٹمز ڈیوٹی و ٹیکس کی مد میں سرکاری خزانے کو 99 لاکھ 49 ہزارروپے سے زائدکا نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔


حکام کا کہنا ہے کہ امپورٹر کی تمام کھیپ اور کنٹینر قبضے میں لے کر کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں