پاکستان آؤں گا اور کنسرٹ کروں گا بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کا بڑا اعلان
مہدی حسن، غلام علی، علی عظمت، عاطف اسلم، صنم ماروی اور دیگر کئی فنکاروں کو پسند کرتا ہوں، پنجابی ریپر
بھارتی پنجابی ریپر، گلوکار اور موسیقار یو یو ہنی سنگھ نے پاکستان میں پرفارم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں ابوظہبی میں منعقد ہونے والی آئیفا ایوارڈز 2024 کی تقریب کے دوران ریڈ کارپٹ پر ان سے پاکستانی مداحوں کے بارے میں سوال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ہنی سنگھ نے کہا کہ ان کے پاکستانی فینز کے لیے پیغام یہ ہے کہ وہ دعا کریں کہ وہ جلد ہی پاکستان میں پرفارم کرنے آئیں۔
انہوں نے اپنے پسندیدہ پاکستانی فنکاروں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہدی حسن، غلام علی، علی عظمت، عاطف اسلم، صنم ماروی اور دیگر کئی فنکاروں کو پسند کرتے ہیں۔
ہنی سنگھ نے مزید بتایا کہ وہ دبئی میں 12 سال سے کنسرٹس کر رہے ہیں، جہاں پاکستانی مداح بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے وہ فینز جو پاکستان میں ہیں اور دبئی نہیں آسکتے، وہ بھی انہیں پاکستان میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
آخر میں ہنی سنگھ نے تصدیق کی کہ وہ اگلے سال پہلی بار انگلینڈ ٹور پر جا رہے ہیں اور اگر وقت ملا تو پاکستان آ کر پرفارم کریں گے۔