جامشورو میں کارروائی کے دوران بم بنانے کی فیکٹری پکڑی گئی، سی ٹی ڈی

ویب ڈیسک  منگل 22 دسمبر 2015
ملزمان کراچی سمیت پورے سندھ میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا چکے تھے، سی ٹی ڈی، فوٹو: فائل

ملزمان کراچی سمیت پورے سندھ میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا چکے تھے، سی ٹی ڈی، فوٹو: فائل

 کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے جامشورو میں بم بنانے کی فیکٹری پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے جس میں موجود دہشت گرد کراچی میں تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) لاڑکانہ نے جامشورو میں کارروائی کرتے ہوئے ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا جس میں بم بنانے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ فیکٹری میں موجود چند مبینہ دہشت گردوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق فیکٹری پر چھاپہ خفیہ اطلاع پر مارا گیا جہاں سے دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا جب کہ فیکٹری میں بم بھی بنائے جاتے ہیں۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے بڑی تعداد میں بم بنانے کے آلات اور 100 کلوگرام آر ڈی ایکس برآمد ہو ا ہے جب کہ حراست میں لیے گئے افراد سے ابتدائی تفتیش میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ دہشت گرد پورے سندھ اور خصوصاً کراچی میں بڑے پیمانے پر بدامنی کا منصوبہ بنا چکے تھے اور عنقریب اپنے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے قریب تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔