حیدرآباد:ڈاکٹروں کی غفلت سے بچہ جاں بحق، ورثاکا احتجاج

ایکسپریس اردو  منگل 24 جولائی 2012
قاضی عبدالقیوم روڈ پرٹائرنذرآتش،ٹریفک معطل، نجی اسپتال انتظامیہ کیخلاف کارروائی کامطالبہ۔ فائل فوٹو

قاضی عبدالقیوم روڈ پرٹائرنذرآتش،ٹریفک معطل، نجی اسپتال انتظامیہ کیخلاف کارروائی کامطالبہ۔ فائل فوٹو

حیدرآباد:  نجی اسپتال میں دوران علاج5 ماہ کے بچے کے انتقال کر جانے پر لواحقین اور عزیز و اقارب نے قاضی عبدالقیوم روڈ پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا جس کے باعث وہاں ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی۔احتجاج میں شریک محمد عمران قادری نے میڈیاکو بتایا کہ اس کے5ماہ کے بھتیجے سفیان کی اچانک طبعیت خراب ہوئی توانھوں نے اسے اسٹیشن روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا اور انتظامیہ کی ہدایت پر علاج کیلیے بھاری رقم بھی جمع کرائی.

تاہم اسپتال میں جیسے ہی بچے کو انجکشن لگایاگیا تو اس کی حالت بہت زیادہ خراب ہوگئی اور وہ اسی وقت انتقال کرگیا۔انھوں نے نجی اسپتال کے ڈاکٹروں پر غفلت برتنے کا الزام عائدکیا اور حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اسپتال انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرے۔معلوم ہوا ہے کہ متوفی کے والد عرفان کی شادی4سال قبل ہوئی تھی اور بہت دعائوں اور منتوں کے بعد5ماہ قبل ہی اس کے ہاں لڑکا پیدا ہوا تھا جس کے انتقال کر جانے پر میاں بیوی دونوںکی حالت خراب ہوگئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔