محمد علی جناح ؒ؛ ایک منفرد شخصیت

آصف زیدی  اتوار 11 ستمبر 2016
مشہور شخصیات کی طرف سے بانیٔ پاکستان کی اعلیٰ صفات کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

مشہور شخصیات کی طرف سے بانیٔ پاکستان کی اعلیٰ صفات کا اعتراف۔ فوٹو: فائل

دنیا میں ایسی بہت سی شخصیات ہیں جنھوں نے اپنے ملک اور قوم کے لیے سر دھڑ کی بازی لگادی اور اپنے لوگوں کو ترقی و خوش حالی کے اُس مقام تک پہنچانے کی آخری سانس تک جدوجہد کی جس کی خواہش ہر کسی کو ہوتی ہے۔

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ بھی ایک ایسی ہی شخصیت ہیں لیکن اُن کی ذات، اُن کی شخصیت دوسروں سے منفرد بھی ہے۔ وہ ایک طرف انگریزوں سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے تو دوسری طرف اُن کی خواہش تھی کہ مسلمانوں کو ایک الگ ملک یا ریاست میسر آئے اور وہ ایسی جگہ ہو جہاں دوسرے مذاہب کے لوگ بھی بلاخوف و خطر زندگی گزاریں۔ قائداعظم ؒ کا کردار، اُن کی شخصیت، معاملہ فہمی، دُور اندیشی، قائدانہ صلاحیت، مدبرانہ سوچ اور پاکستان بنانے کی سعیِ مسلسل ہی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم ایک آزاد ملک میں رہ رہے ہیں۔

جب بھی ستمبر کا مہینہ آتا ہے تو ایک طرف ہم یوم دفاع مناکر پاکستان کی مسلح افواج کی جرات مندی اور بہادری کے جذبے کو داد دیتے ہیں تو دوسری طرف اسی مہینے میں قائد اعظم ؒ کی جدائی کا درد بھی ہر ایک کو اپنے دل میں محسوس ہوتا ہے۔ قائداعظم ؒ کی بتائی ہوئی باتیں جہاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں وہیں بابائے قوم کے کردار نے دنیا اور برصغیر کی نام ور شخصیات کو بھی اُن کی تعریف کرنے اور ان کی بے مثال شخصیت ہونے کا اعتراف کرنے پر مجبور کیا ہے۔

زیرمنظر مضمون میں ہم کچھ مشہور شخصیات کی جانب سے قائداعظم ؒ کی شان میں آراء پر مشتمل جملے پیش کر رہے ہیں۔ مختلف مشہور شخصیات کی یہ آراء باتیں مختلف ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں۔

٭اطالوی وزیراعظم مسولینی

محمد علی جناح ایک تاریخی شخصیت ہیں، ایسا فرد ایک صدی میں ایک بار ہی جنم لیتا ہے۔

٭موہن داس کرم چند گاندھی

میں سمجھتا ہوں کہ جناح کو کوئی طاقت نہیں خرید سکتی۔

٭برٹرینڈ رسل، برطانوی صحافی، مورخ

ہندوستان کی تاریخ میں محمد علی جناح سے زیادہ کسی شخص سے پیار نہیں کیا گیا۔

٭سرونسٹن چرچل (برطانوی وزیر اعظم)

میں اپنے دل سے جناح کو کبھی نہیں بھلاسکتا۔

٭پنڈت جواہر لال نہرو

اچھا کردار اور اچھی سیاست ہی وہ راز ہیں جن کی وجہ سے محمد علی جناح نے کام یابیاں حاصل کیں۔ وہ تاریخ کی انتہائی غیرمعمولی شخصیت تھے۔

٭ہیری ٹرومین، امریکی صدر

محمد علی جناح پاکستان کے خواب کو عملی شکل دینے والے، ریاست کو بنانے والے اور دنیا کی سب سے بڑی مسلم قوم کے بابائے قوم ہیں۔

٭شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ

قائد اعظم محمد علی جناح برصغیر پاک و ہند کی واحد شخصیت ہیں جن سے لوگوں کو بہت توقعات ہیں۔

٭مولانا ابوالکلام آزاد

محمد علی جناح ہر معالے کو ٹھنڈے دل و ماغ سے حل کرتے تھے۔

٭لارڈ ماؤنٹ بیٹن

جناح نے جب بھی کوئی معاہدہ کیا تو کسی کے سامنے جھک کر نہیں بل کہ برابری کی بنیاد پر کیا۔

٭وجے لکشمی پنڈت، بھارتی سیاست داں و سفارت کار (نہرو کی بہن)

اگر مسلم لیگ کے پاس 100 گاندھی اور 200 ابوالکلام آزاد ہوتے اور کانگریس کے پاس صرف محمد علی جناح ہوتا تو ہندوستان کبھی تقسیم نہیں ہوپاتا۔

٭ فخرالدین علی احمد، سابق بھارتی صدر

میں قائداعظم محمد علی جناح کو جنگ آزادی کا بہادر سپاہی سمجھتا ہوں۔

٭ جسونت سنگھ، بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ راہ نما)

محمد علی جناح صرف مسلمانوں ہی کے نہیں بل کہ سارے ہندوستان کے لیڈر تھے۔

٭ڈاکٹر کیلاش ناتھ، 1948 میں مغربی بنگال کے گورنر

محمد علی جناح اس صدی میں صرف انڈیا ہی میں نہیں بل کہ پوری دنیا کی انتہائی اہم شخصیت تھے۔

٭لارڈ ویول، ہندوستان کے وائسرائے

جناح اُن بہت اچھے اور پُرکشش لوگوں میں سرفہرست ہیں جن سے میں ملا ہوں۔

٭ مفتی اعظم فلسطین

محمد علی جناح کا انتقال پوری مسلم امہ کا نقصان ہے۔

٭اسٹینلے والپرٹ، امریکی مورخ، مصنف، قائداعظم کے سوانح نگار

بہت کم لوگ تاریخ کا دھارا بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان میں سے بھی چند دنیا کے نقشے میں تبدیلی لاتے ہیں اور مشکل سے کوئی ایسا فرد ہوتا ہے جو اپنی قوم کے لیے الگ ملک بناسکے۔ محمد علی جناح میں یہ تینوں خصوصیات تھیں اور انھوں نے یہ تینوں کام کر دکھائے۔

٭لارڈ پیتھک لارنس

گاندھی اپنے قاتل کے ہاتھوں قتل ہوئے لیکن محمد علی جناح نے پاکستان کی خدمت کرتے کرتے جان دے دی۔

٭سر آغا خان

میری جن جن سے ملاقات ہوئی اُن میں محمد علی جناح سب سے عظیم ہیں۔

٭بیورلے نکولس، مصنف

محمد علی جناح ایشیا کے سب سے اہم آدمی تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔