سی سی آئی میں سندھ کے مفادات کا تحفظ کرینگے،وزیر اعلیٰ

اسٹاف رپورٹر  منگل 22 جنوری 2013
قائم علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس،مشترکہ مفادات کی کونسل کے مجوزہ اجلاس کے ایجنڈے پرغور فوٹو: فائل

قائم علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس،مشترکہ مفادات کی کونسل کے مجوزہ اجلاس کے ایجنڈے پرغور فوٹو: فائل

کراچی:  وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت پیر کو وزیراعلیٰ ہائوس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مشترکہ مفادات کی کونسل(سی سی آئی) کے مجوزہ اجلاس کے ضمن میں تیاری کے حوالے سے کئی امور پر غور کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ اجلاس میں صوبہ سندھ کے مسائل اور جائز ضروریات کے حوالے سے مکمل پیش رفت کی جائے گی اور سندھ کے مفادات کا مکمل تحفظ کیا جائے گا ۔ اجلاس میں سندھ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین زبیرموتی والا،ایڈیشنل چیف سیکریٹری مالیات عارف احمد خان اور دیگرنے شرکت کی، اجلاس میں مشترکہ مفادات کی کونسل کی مجوزہ ایجنڈا کے نکات پر تفصیلی غورکیاگیا جن میں تھرکول پروجیکٹ میں وفاقی حکومت کی طرف سے ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب شامل ہے۔

اجلاس کوبتایا گیاکہ ڈاکٹرثمرمند مبارک کے مجوزہ 10 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کے لیے 1800 ملین روپے میں سے وفاقی حکومت کی طرف سے ابتدائی طور پر 900 ملین روپے فراہم کیے گئے تھے جبکہ 900 ملین روپے بقیہ بھی رقم فراہم کردی گئی ہے،دوسرے آئٹم کے تحت سیلاب کے بعد تعمیر نواور عملدرآمد کے مکینزم کے تحت حیسکو اور سیسکو کے بلوں کے حوالے سے بھی غورکیاگیا۔

اجلاس میں طے ہوا کہ اس ضمن میں تفصیل کے لیے پس منظر کے ساتھ اجلاس میں تفصیلات پیش کی جائیں گی اوراضافی،غلط اور بیجا بلنگ کے حوالے سے حکومت سندھ کے موقف کو پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں صوبوں کے لیے زرعی انکم ٹیکس پالیسی کو متوازن سطح پر بنانے کے لیے بورڈ آف ریونیو سندھ کی طرف سے پیش کردہ ڈرافٹ منصوبے پر روشنی ڈالی جائے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔