تمباکو کھانے کے عادی افراد میں منہ اور معدے کا سرطان عام ہوگیا

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 10 جون 2017
ایک لاکھ سے زائد افراد ہر سال تمباکو سے ہونیوالی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں،ماہرین۔ فوٹو: فائل

ایک لاکھ سے زائد افراد ہر سال تمباکو سے ہونیوالی بیماریوں کا شکار ہوتے ہیں،ماہرین۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان ہر سال تقریباً ایک لاکھ سے زائد افراد تمباکو سے ہونے والی بیماریوں میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوجاتے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار اُن ممالک میں ہوتا ہے،تمباکو نوشی سے ہونے والی بیماریوں سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک ہوتے ہیں۔ ان بیماریوں میں دل کے امراض، فالج کا حملہ اورکینسر شامل ہیں۔

ادھر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع اور جناح اسپتال میں ای این ٹی یونٹ کے سربراہ ڈاکٹر محمد عثمان نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے اُن 15 ممالک میں شامل ہے جہاں تمباکوکی پیداوار سب سے زیادہ ہوتی ہے، پاکستان میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہر سال تمباکو سے ہونے والی بیماریوں میں مبتلا ہوکر ہلاک ہوجاتے ہیں،ان میں منہ، حلق، سانس کی نالی اور پھیپھڑوں کا کینسر شامل ہے۔

ماہرین صحت نے کہا کہ چھالیہ اور پان کے ساتھ تمباکو کھانے کے عادی افراد میں منہ، غذائی نالی اور معدے کے سرطان کی بیماریاں عام ہیں تاہم رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کسی نہ کسی شکل میں تمباکو نوشی کرنے والوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے ملکی سطح پر سگریٹ نوشی یا تمباکو پر قابو پانے کیلیے 2012ء میں تمباکونوشی ایکٹ لاگوکیا گیا تھا جس کے مطابق پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی ممنوع قراردی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔