محکمہ ریلوے نے ڈپلیکیٹ ٹکٹ کا اجرا کر دیا

ویب ڈیسک  منگل 29 اگست 2017
صرف 10 فیصد جرمانے پر مسافر كو ڈپلیكیٹ ٹكٹ جاری كر دیا جائیگا، سعد رفیق - فوٹو: فائل

صرف 10 فیصد جرمانے پر مسافر كو ڈپلیكیٹ ٹكٹ جاری كر دیا جائیگا، سعد رفیق - فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وزیر ریلوے سعدرفیق کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلوے نے ڈپلیکیٹ ٹکٹ کا اجرا کردیا ہے جس کے تحت صرف 10 فیصد جرمانے پر مسافر كو ڈپلیكیٹ ٹكٹ جاری كر دیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے كہا ہے كہ مسافر اپنا ٹكٹ گم ہونے یا گھر بھول كر آنے كی صورت میں ریلوے کی ہیلپ لائن 9117 پر اپنا شناختی كارڈ نمبر بھیجے گا جس پر ریلوے ہیلپ لائن سے ایک ایس ایم ایس اس کے نمبر پر بھیجا جائے گا۔ مسافر ایس ایم ایس كو دكھا كر اپنی سیٹ پر بیٹھ سكے گا تاہم اسے كنڈكٹر گارڈ سے رابطہ كرنا ہوگا جو اپنے موبائل سے اس امر كی تصدیق كرے گا كہ اس ٹكٹ كا پہلے ہی ڈپلیكیٹ تو جاری نہیں  ہو چكا یا مسافر ریزرویشن كینسل كرواتے ہوئے ری فنڈ تو نہیں لے چكا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ مسافروں سے ضروری تصدیق كے بعد صرف 10 فیصد جرمانے پر مسافر كو ڈپلیكیٹ ٹكٹ جاری كر دیا جائے گا۔ انہوں نے كہا كہ اس سسٹم كے آج سے نفاذ كے بعد ٹكٹ كے گم ہونے كی صورت میں نہ تو ہمارے معزز مسافروں كی مكمل رقم ضائع ہوگی اور نہ ہی وہ ٹكٹ گھر بھول كے آنے كی صورت میں سفر كی سہولت سے محروم ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔