نیب ریفرنسز؛ کیپٹن صفدرکی ضمانت پررہائی کے خلاف درخواست سماعت کیلیے منظور

ویب ڈیسک  جمعرات 16 نومبر 2017
نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر مسلسل پیش نہیں ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

نیب ریفرنسز کی سماعت کے دوران کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر مسلسل پیش نہیں ہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی ضمانت کے خلاف نیب کی متفرق درخواست کوسماعت کیلیے منظورکرلیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پراسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدرکی نیب ریفرنسزمیں عدم پیشی پرناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد ضمانت پررہائی کے خلاف درخواست کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹرافضل قریشی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ عدالت میں عدم پیشی کے بعد ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکوں پرکیپٹن (ر) صفدرکورہائی کا حکم دیا جو کہ قانونی طورردرست نہیں، اس لئے عدالت عالیہ ملزم کی رہائی کا حکم کالعدم قرار دے۔ ہائی کورٹ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی ہے۔

واضح رہے کہ نیب ریفرنسزکی سماعت کے دوران کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر مسلسل پیش نہیں ہوئے تھے جس پر ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔