کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی پر میئر کوئٹہ نااہل قرار

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 17 نومبر 2017
اپوزیشن جماعتوں نے3  ماہ قبل الیکشن کمیشن بلوچستان میں میئرکوئٹہ کی نااہلی کیلیے درخواست دائرکی تھی۔ فوٹو : فائل

اپوزیشن جماعتوں نے3 ماہ قبل الیکشن کمیشن بلوچستان میں میئرکوئٹہ کی نااہلی کیلیے درخواست دائرکی تھی۔ فوٹو : فائل

کوئٹہ:  آئین کے آرٹیکل کی دفعہ 62/63 اور غلط بیانی 3 سال بعد میئر کوئٹہ کو بھی لے ڈوبی۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق پشتونخوامیپ کے رہنما و میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ کاکڑکو کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی پر نااہل قرار دیدیا گیا ہے۔ میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ کاکڑ بلدیاتی انتخابات کے بعد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کیلیے مخصوص کسان نشست پرکامیاب ہوئے تھے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق ان کی نااہلی کی وجہ بھی آئین کے آرٹیکل کی دفعہ 62/63 بنی ہے کیونکہ وہ طب کے شعبے سے وابستہ ہیں اور منتخب کسان کی نشست پر ہوئے۔

ذرائع کے مطابق بلدیاتی قوانین کے تحت کسان کی نشست پر انتخاب لڑنے والے اُمیدوار کے پاس 5 ایکڑ زرعی زمین ہونا اور بیلچے و دیگر اوزاروں سے کام کیا ہونا لازمی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے میئرکوئٹہ کے کسان کی مخصوص نشست پر منتخب ہونے کو جواز بناتے ہوئے 3 ماہ قبل الیکشن کمیشن بلوچستان میں میئرکوئٹہ کی نااہلی کیلیے درخواست دائرکی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔