ریونیو ٹارگٹ پورا کرنا محکمہ افسران کا ہدف ہونا چاہیے، گیان چند

اے پی پی  جمعرات 14 مئ 2015
اس سال بھی جون تک ریونیو ٹارگٹ مکمل ہونیکی توقع ہے،وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ ۔  فوٹو : فائل

اس سال بھی جون تک ریونیو ٹارگٹ مکمل ہونیکی توقع ہے،وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، خوراک، جنگلات و جنگلی حیات و اقلیتی امور گیان چند اسرانی نے کہا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران کی کارکردگی کو سراہنا اور ان کے حوصلے بلند کرنا ہمارا فرض ہے، اگر اسی طرح محکمہ کے افسران اپنی کارکردگی دکھاتے رہے تو میرا سر فخر سے بلند ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے افسران میں ستائشی کارکردگی کی اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔ صوبائی وزیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریونیو کا ٹارگٹ پورا کرنا محکمہ کے افسران کا ہدف ہونا چاہیے، افسران نے اپنے کام کو احسن طریقے سے سر انجام دیا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس سال بھی جون تک ریونیو کا ٹارگٹ مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ محکمے کے ہرا فسر اور اہلکار کا فرض ہے کہ وہ دل و جان سے کام کریں اورریونیو کی وصولی میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کریں۔ تقریب میں سیکریٹری ایکسائز بدر جمیل نے خطاب میں کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کیونکہ یہ محصولات کی وصولی کے ذریعے سرکاری خزانے میں اضافہ کرتا ہے جو عوام کی خدمت کے کام آتا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن محمد شعیب احمد صدیقی نے تقریب کے اختتامی کلمات میں کہا کہ افسران کی کارکردگی کو جس طرح سراہا گیا، اس سے افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے کیونکہ ستائشی کارکردگی کا اعتراف اہلیت میں اضافہ کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران و عملہ پوری کوشش کرے کہ موجودہ سال کا ٹارگٹ بھی حاصل کریں۔ تقریب میں محکمہ کے تمام ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور ای ٹی اوز نے شرکت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔