سانحہ منیٰ میں 1453 حاجی شہید ہوئے، امریکی نشریاتی ادارہ

خبر ایجنسیاں / نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 10 اکتوبر 2015
93پاکستانی، 465 ایرانی، 148مصری، 120انڈونیشی،101بھارتی حجاج شامل ہیں  فوٹو: فائل

93پاکستانی، 465 ایرانی، 148مصری، 120انڈونیشی،101بھارتی حجاج شامل ہیں فوٹو: فائل

نیویارک / لاہور:  امریکی نشریاتی ادارے نے کہا ہے کہ اس سال سعودی عرب میں حج کے موقع پر منیٰ میں مچنے والی بھگدڑ کے نتیجے میں تقریباً1453 حاجیوں کی جان گئی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منیٰ میں بھگدڑ مچنے سے جو شہادتیں ہوئیں انکی تعداد کم از کم بھی 1453 بنتی ہے۔

رپورٹ ان ملکوں کے سرکاری محکموں اور حکام کے جاری کیے گئے بیانات کی بنیاد پر بنائی گئی ہے جن ملکوں کے حجاج اس حادثے میں شہید ہوئے، یہ سرکاری اعداد و شمار 19 مختلف ملکوں کی طرف سے جاری کیے گئے جن کو جمع کرکے انکا موازنہ سعودی عرب کی طرف سے جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار سے کیا۔

اس سال حج کیلیے سعودی عرب جانے والے مسلمانوں کا تعلق مجموعی طور پر دنیا کے 180 سے زائد ملکوں سے تھا، رپورٹ کے مطابق جن حاجیوں کی جانیں گئیں انکی تعداد اس طرح ہے کہ ایران کے 465، مصر کے 148، انڈونیشیا کے 120، بھارت کے101، نائجیریا کے 99، پاکستان کے93، مالی کے70، بنگلہ دیش کے 63، سینیگال کے54، بنین کے 51، کیمرون کے42، ایتھوپیا کے31، سوڈان کے 30، مراکش کے 27، الجزائر کے 25، گھانا کے 12، چاڈ کے 11، کینیاکے 8، ترکی کے3 حاجی شامل ہیں جن کی مجموعی تعداد 1453بنتی ہے۔نمائندہ ایکسپریس کے مطابق شہید حاجیوں کی متعدد میتیں مکہ میں موجود ہیں۔

اب تک صرف ایک لاش پاکستان بھجوائی گئی ہے۔ نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پی آئی اے کے مطابق حج آپریشن کے 13ویں روز تک 62 خصوصی حج پروازوں کے ذریعے تقریباً 20 ہزار حجاج کرام کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے، پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 28 اکتوبر کو اختتام پذیر ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔