قائد ایم کیو ایم نے کوئی غلط بات نہیں کی، واسع جلیل

خبر ایجنسیاں  بدھ 24 اگست 2016
ایم کیو ایم کا پورا تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے اور اسی پر عمل کیا جاتا ہے، واسع جلیل۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کا پورا تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے اور اسی پر عمل کیا جاتا ہے، واسع جلیل۔ فوٹو: فائل

لندن: متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما واسع جلیل کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نے کوئی غلط بات نہیں کی اور وہ اپنے بیان کی مکمل وضاحت کر چکے ہیں۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں واسع جلیل کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ الطاف حسین نے کوئی غلط بات نہیں کی اور نہ ہی فاروق ستار نے کوئی انہونی بات نہیں کی۔ ایم کیو ایم کا پورا تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے اور اسی پر عمل کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کنوینر اور قائد موجود ہیں، الطاف حسین جہاں موجود ہوں گے وہ سیکریٹریٹ کہلائے گا، جب بھی الطاف حسین سے ہمیں رہنمائی یا کسی معاملے پر توثیق لینا ہوگی ہم ان سے توثیق اور رہنمائی لیتے رہیں گے، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی جو ایم کیو ایم پاکستان کہلاتی ہے، وہ پاکستان ہی میں رجسڑڈ ہے جب کہ لندن میں ہمارا سیکریٹریٹ ہے۔

فاروق ستار کی جانب سے پارٹی کے تمام فیصلے کراچی میں ہونے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر واسع جلیل کا کہنا تھا کہ فاروق ستار رات بھر حراست میں رہے، ہو سکتا ہے کہ انہھں بہت ساری باتیں پتہ بھی نہ ہوں۔ رات گئے الطاف حسین کا بیان جاری ہوا ہے، اس میں انھوں نے تمام چیزوں کو واضح کر دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے کوئی بھی ابہام پیدا ہوتا، الطاف حسین جلد کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ الطاف حسین ہی ایم کیو ایم کے قائد اور بانی ہیں۔ مصطفیٰ عزیز آبادی نے کہا کہ قائد ایم کیو ایم مائنس نہیں ہوئے، ایم کیو ایم لندن اور پاکستان ایک ہی نہیں، قائد ایم کیو ایم کو کارکنوں سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔